بھٹکل ،20؍فروری (ایس او نیوز) دیہی علاقوں کے عوام کو اپنے مسائل حل کرنے کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچانے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے سرکاری افسران کے 'دیہات میں قیام' کا جو پروگرام وضع کیا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے کی ۔
ماولّی پنچایت کے کوڈسولی گرام میں کل سنیچر کے دن انہوں نے اس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ پروگرام کے دوران ٹھیکیدار نے شکایت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'منریگا' اسکیم کے تحت رجسٹرڈ 350 مزدور ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے جس کی وجہ سے تعمیراتی کام ادھورے پڑے ہوئے ہیں ۔ اگر دوسرے مزدوروں کو کام پر لگایا جاتا ہے تو پھر شکایت کی جاتی ہے ۔ اس لئے اسسٹنٹ کمشنر کو اس سلسلے میں مناسب اقدام کرنا چاہیے ۔
گرام پنچایت کے سابق رکن جینت نائک نےشکایت پیش کی کہ مرڈیشور کے سیاحتی علاقہ میں گرام پنچایت کی طرف سے پینے کے صاف پانی کا جو انتظام کیا جانا چاہیے تھا اسی کے دباو میں آ کر دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔ اس تعلق سے افسران کے علم میں بات لائے جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ اس پر اسسٹنٹ کمشنر نے صحیح مقام کی نشاندہی کرکے اسے منتقل کرنے کی ہدایت دینے کے لئے جب پی ڈبلیو ڈی افسران کو پکارا تو اس وقت محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی نمائندگی کرنے والا کوئی بھی افسر اجلاس میں موجود نہیں تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے اجلاس سے غیر حاضر رہتے ہوئے ضابطہ کی خلاف ورزی کا معاملہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کے افسران کو نوٹس جاری کرنے کا حکم سنایا
اس اجلاس میں بھٹکل تحصیلدار روی چندرا، تعلقہ پنچایت ای او پربھاکر چکنمنے ، بی ای او دیوی داس موگیر وغیرہ موجود تھے ۔